میڈیا میں شعائر اسلام کا تمسخر اڑانے کا نوٹس لیا جائے، وفاق المدارس

فلموں اور ڈراموں کے ذریعے اسلامی تہذیب مٹانے کی کو شش کی جارہی ہے بڑھتی سنگین صورتحال کا پیمرا، صدر اور وزیر اعظم نوٹس لیں، علماء کرام

0 109

اسلام آباد (بیورو رپورٹ ) وفاق المدارس نے فلموں اور ڈراموں کے ذریعے شعائر اسلام کا تمسخر اڑانے کے سلسلے کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈراموں اور فلموں کے ذریعے اسلام دشمن عناصر دینی تعلیمات کی نفی کر رہے ہیں جو افسوسناک ہے،غیر محسوس طریقے سے اسلامی تہذیب و تمدن کے نقش مٹانے کی سعی کی جارہی ہے، علماء اور مدارس کی کردار کشی مہم کو اب باقاعدہ ڈراموں اور فلموں کا موضوع بنایا جانے لگا جس کا نوٹس لیا جانا ازحد ضروری ہے، پاکستانی ڈراموں میں دینی مقدسات کی توہین معمول بنتی جا رہی ہے،روز بروز سنگین ہوتی صورتحال پرعوامی تشویش بڑھتی جا رہی ہے ،صدر وزیر اعظم اور پیمرا نوٹس لیں، ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر,مولانا انوار الحق, مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں شعائر اسلام کی بے حرمتی کا سلسلہ بڑھتا چلا جا رہا ہے، ایک منظم منصوبے کے تحت اسلامی تعلیمات کی کے خلاف نسل نو کی ذہن سازی کی جارہی ہے،وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ مختلف طبقات کی طرف سے تسلسل سے اس پہلو پر توجہ دلائی جا رہی ہے،میڈیا کے ذریعے اسلامی تہذیب و تمدن کے نقش مٹانے کی سعی کی جارہی ہے جس کا فی الفور نوٹس لینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بہت سے عام لوگوں نے بھی علماء کرام کی توجہ اس معاملے کی طرف مبذول کروا ئی ہے کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں اسلامی تہذیب کے منافی علامات و استعارات کو باقاعدہ پروموٹ کیا جا رہا ہے جس پر عوام الناس میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

Facebook Comments