ملک میں آبادی کے تناسب سے شرح خواندگی کے فروغ کیلئے پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کو مل کر کام کرنا دور حاضر کا اہم تقاضہ ہے

0 81

پشاور( جنرل رپورٹ)ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی کے تناسب سے شرح خواندگی کے فروغ کیلئے پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کو مل کر کام کرنا دور حاضر کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جدید دور میں طالبعلموں کا شعور بیدار ہے لہٰذا انہیں اپنا حق مانگنے کا سلیقہ آنا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فرنٹیئر ماڈل سکول اینڈ کالج ورسک روڈ کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر سکول کے منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ یاور نصیر ،چیئرمین خواجہ ولید وسیم، پرنسپل میڈم کلثوم ضیاء کے علاوہ اساتذہ ، طلبہ اور والدین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا کہ علم کے حصول کیلئے طلبہ کو جن سنگین مسائل کا سامنا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان مسائل کے حل کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور قوم کے معماروں کو علم و تعلیم کا بنیادی حق دینے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ کامیابی کے حصول کی شرط یہ ہے کہ دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے انسان اپنے آپ کا جائزہ لے اوراندر موجود خامیوں کو دور کرے تاکہ بہتر انسان بننے میں آسانی ہو ۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ غیر متعلقہ لوگوں کی غلط بیانی پر توجہ نہ دیں اور اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتیں اجاگر کرنے میں مصروف عمل رہیں تاکہ مستقبل کی عملی زندگی میں کامیابی کا زینہ چڑھ سکیں ۔محمود جان نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کے فروغ اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہر ممکنہ ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ ملک کے بچے ہر میدان میں آگے بڑھ سکیں اور ملک کیلئے اپنی مزید خدمات پیش کرنے کے قابل ہوسکیں انہوں نے کہا کہ طلبہ اور والدین کو سکول انتظامیہ کی جانب سے نظم وضبط کی پابندی پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے کیونکہ انہی اصولوں کی بنیاد پر طلبہ اپنے مقاصد کا حصول ممکن بناسکتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کی عزت وقار میں اضافے کا باعث بنیں تاکہ اساتذہ کو ان پر فخر ہو۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر محمود جان نے نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ میں انعامات تقسیم کئے اور انکی کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں سکول کی پرنسپل میڈم کلثوم ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے سکول ہذا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور تفصیلات بیان کیں جبکہ تقریب میں سکول کے طلبہ نے ٹیبلو اور مختلف خاکے پیش کئے۔

Facebook Comments