ملک معاشی استحکام اور غربت کے خاتمہ کی درست سمت میں چل پڑا ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی اسپیکر مشتاق احمد غنی

0 79

ایبٹ آباد( پیام خیبر )خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی لیکن ملک کے مفاد میں عمران خان کی مشکل لیکن حقیقت پسندانہ اور ناگزیر اصلاحات کے نتیجے میں ملک معاشی استحکام اور غربت کے خاتمہ کی درست سمت میں چل پڑا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے مہنگائی ختم کرنے کے لیے مزید قرضے لے کر ان کا بوجھ غریبوں پر ڈالنے کے بجائے ملک کے اندر سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریب آدمی کی فلاح پر خرچ کرنے کی پالیسی اختیار کی۔ سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے مخالفین چاہتے ہیں کہ ماضی کی طرح مزید قرضے لیے جائیں اور اشیائے ضروریہ پر بھاری سبسڈی دی جائے تاکہ ملک دیوالیہ ہو جائے لیکن ہمارے حکومت میں ایسا نہیں ہو نے دیاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جلال بابا آڈیٹوریم میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انڈر 21 خیبرپختونخوا گیمز کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرعامر آفاق، خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس سید ثقلین شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ہزارہ کے تمام اضلاع کے دیگر انتظامی و سپورٹس افسروں،سابق ڈائریکٹر سپورٹس ظارق محمود، کھیلوں کی تنظیموں کے عہدے داران اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی ڈائریکٹر سپورٹس نے اس موقع پر بتایا کہ انڈر 21 گیمز آئندہ 24 فروری سے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی جائیں گی جن میں 59 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کے علاوہ روایتی ثقافتی میلے بھی ان کھیلوں کا حصہ ہوں گے انہوں نے بتایا کہ انڈر 21 گیمز کے تحت ایبٹ آباد میں مردوں اور خواتین کی 15، 15 کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کا ویژن یہ ہے کہ سکاری محکموں سے کرپشن ختم کی جائے تعلیم و صحت سمیت تمام بنیادی سہولتوں کے علاوہ کھیلوں اور تفریح کے مواقع کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری اور ان کاحصول تمام شہریوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے گزشتہ پانچ سالہ دور میں اسی ویژن پر کامیابی سے عمل کیا جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو صوبے میں دوبارہ منتخب کیا گیا جس سے پی ٹی آئی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بنیادی سہولتوں کے شعبوں میں کامیاب اصلاحات کے بعد اب صوبائی حکومت ایڈوانس لیول کی ترقی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں کھیلوں اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے علاوہ عام اور غریب آدمی کی فلاح پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی حکمت عملی کے تحت انصاف کارڈ کے اجراء کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، بے گھر اور نادار افراد کے لیے شلٹر ہوم اور لنگر خانے کھولے جارہے ہیں، نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیے جارہے ہیں اور تحصیل کی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔مشتاق احمد غنی نے انڈر 21 گیمز کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور انڈر 21گیمز و دیگر کھیلوں کے مقابلے اب باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے۔ نچلی سطح پر کھیل کے میدانو ں سمیت تمام ضروری سپورٹس سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ مشتاق احمد غنی نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں ہاکی گراؤنڈ کی آسٹروٹرف اور کنج گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس کی تنصیب جلد ممکن بنائی جائے گی جبکہ شہر میں مرد و خواتین کے لئے اعلی معیار کے سپورٹس جمنازیم تعمیر کیے جائیں گے انہوں نے اس موقع پر جلال بابا آڈیٹوریم کی مکمل تزئین و آرائش کا بھی اعلان کیا ۔ا اس سے قبل مشتاق احمد غنی نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے ہمراہ انڈر 21کے لوگواور ٹرافی کی رونمائی کی۔

Facebook Comments