لاہور میں گلے پر ڈور پھرنے سے 6 سالہ بچی جاں بحق

0 64

لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے 6سالہ بچی حریم فاطمہ جاں بحق ہوگئی۔

لاہور میں پتنگ بازی نے ایک اور معصوم کی جان لے لی۔ رات گئے شہری محمد عمران اپنی فیملی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ٹاؤن شپ میں رشتے داروں سے ملنے کے بعد گھر واپس شاہدرہ جا رہا تھا کہ بند روڈ ڈبل سڑکوں کے پاس موٹر سائیکل پر آگے بیٹھی بچی کی گردن پر پتنگ ڈور پھر گئی۔

گلا کٹنے سے بچی کے خون کا فوارہ ابل پڑا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ حریم کو منشی اسپتال لایا گیا مگر طبی امداد سے قبل ہی بچی نے والدین کے ہاتھوں میں جان دے دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ پر گہر ے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل ضیاء کو فوری معطل کرکے لائن حاضر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی سے کسی ہلاکت کی صورت میں متعلقہ افسرکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Facebook Comments