عمران خان کو کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا افسوس۔

0 113

اسلام اباد(بیورو رپورٹ):پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھیں دسمبر 2019 میں ملائیشیا میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے۔
منگل کو ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے ہمراہ کوالالمپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا چاہیں گے اور اس سے پاکستان کے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت ملائشیا کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں انھوں نے اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جہاں عمران خان نے کہا کہ ‘میں (سربراہی) کانفرنس میں اس لیے نہیں آ پایا کیونکہ بدقسمتی سے پاکستان کے بہت قریب ہمارے کچھ دوستوں کو یہ محسوس ہوا کہ شاید یہ کانفرنس امہ کو تقسیم کردے گی، جو واضح طور پر ایک غلط فہمی تھی کیوںکہ کانفرنس کے انعقاد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مقصد امہ کی تقسیم نہیں تھا’۔
خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں کوالالمپور میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت کو سعودی عرب کے دباؤ کے تناظر میں دیکھا گیا تھا۔

Facebook Comments