سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام روٹس میلنیم سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد

0 70

پشاور(جنرل رپورٹ): قائم مقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام روٹس میلنیم سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی کینٹ اسلم نواز‘ ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور ٹیم نے طلباء و طالبات کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں استانیوں‘ طلباء و طالبات اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس‘ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ سیمینار کے اختتام پر ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے طلباء و طالبات کو عملی طور پر روڈ کراسنگ کے حوالے سے تربیت دی اور بعد ازاں ان سے ٹریفک قوانین اور روڈ کراسنگ سے متعلق سوالات کئے جس پر طالبات نے صحیح جوابات دیئے۔ روٹس ملینیم سکول کی پرنسپل نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اقدامات کو سراہا اور ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد کو مختلف اوقات میں اس طرح کے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر زور دیا اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Facebook Comments