دُبئی کے ایک معروف نجی اسکول کا سیاہ کارنامہ سامنے آ گیا

سکول انتظامیہ نے فیس ادا نہ کرنے والے بچوں کو سکول کے جِم میں بند کر ڈالا

0 81

دُبئی(یواین پی) دُبئی میں ایک مشہور بین الاقوامی سکول کی جانب سے ایسا شرمناک عمل انجام دیا گیا ہے جس نے متحدہ عرب امارات میں مقیم لوگوں کو شدید مشتعل کر دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نجی اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز اُن بچوں کو اسکول کے احاطے سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا جن کے والدین کی جانب سے ماہانہ فیس نہیں ادا کی گئی تھی۔فیس کے نادہندہ بچوں کو اسکول کے جِم میں لے جا یا گیا پھر اس کا دروازہ بند کر دیا گیا۔ جب یہ معاملہ سامنے آیا تو بچوں کے والدین کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سکول کی انتظامیہ کے خلاف کڑا ایکشن لیا جائے۔ جس کے بعد دُبئی کے محکمہ تعلیم (دُبئی نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کی جانب سے اس مشہور اسکول کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق جب فیس کے نادہندہ بچوں کو اُن کے سکول کے باہر منتظر والدین کے حوالے نہ کیا گیا تو والدین شدید مشتعل ہو گئے اور تلخ کلامی تک نوبت آ گئی۔ جس کے بعد اسکول انتظامیہ نے حالات بگڑتے دیکھ کر قصیص پولیس اسٹیشن کو اطلاع کر دی۔ پولیس کی ایک ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی تو والدین کی جانب سے سکول والوں کی غیر اخلاقی حرکت سے آگاہ کیا گیا۔محکمہ تعلیم کی جانب سے اس معاملے پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے متاثرہ بچوں، والدین اور سکول کی انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اگر سکول کی انتظامیہ کے خلاف بچوں کو احاطے میں بند کرنے کے الزامات درست ثابت ہو گئے تو پھر محکمہ تعلیم کی جانب سے سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل دُبئی میں ایک پاکستانی اسکول کی جانب سے ایسے والدین پر ماہانہ فیس عائد کی گئی تھی جو اپنے بچوں کو اسکول سے لینے کے لیے دیر سے پہنچتے تھے۔ اس ناجائز فیس کے معاملے پر بھی سکول کی پاکستانی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔

Facebook Comments