خیبر پختونخوا کا کورونا میں ضمنی انتخابات کرانے سے انکار، سندھ تیار

0 79

اسلام آباد: خیبر پختونخواہ حکومت نے ضمنی انتخابات کے انعقاد سے انکار کردیا جب کہ سندھ نے حامی بھرلی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے موجودہ حالات میں ضمنی انتخابات کے انعقاد سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جواب دیا ہے کہ تاحال ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب نے تاحال الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات کے انعقاد سےمتعلق جواب ہی نہیں دیا۔

دوسری جانب سندھ  حکومت نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے حامی بھرلی ہے، اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخابات کرانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو جواب دیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 7 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں اور الیکشن کمیشن نے خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کیا تھا۔ این اے 75 سیالکوٹ اور این اے 45 اورکزئی، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 گجرانوالہ کی نشست خالی ہے، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر، پی ایس 52، پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین کی نشست خالی ہے۔

Facebook Comments