خیبرپختونخوا میں اسکول کھولنے سے قبل عمارتیں دھونے کی ہدایت جاری

0 64

پشاور: خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کے لیے ایس او پیز جاری کردیئے گئے۔

 محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں اسکول کھولنے کے لیے ایس او پیز جاری کردیئے ہیں، جس کے تحت صوبے میں 15 ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع ہوجائے گا تاہم اسکول کھلنے سے دو دن پہلے تمام درس گاہیں پانی میں سرف اور ڈیٹول ڈال کر دھلوائی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول سربراہ عملے سمیت ایس او پیز پر عمل یقینی بنائے گا، تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے اسکول کونسل اور اسٹاف میٹنگ کے علاوہ والدین کو آگاہی دی جائے، کلاس انچارج کے پاس بچوں کے والدین کے موبائل نمبرز کی فہرست لازمی ہو، والدین بچوں کو ماسک پہنا کر اور ہاتھ دھلوا کر اسکول بھیجیں، بیمار بچے کو اسکول نہ بھیجیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اور والدین بچوں کو 3 سے 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات دیں، بچوں کو ماسک پہننے، ہاتھ دھونے، آنکھ ناک کان نہ چھونے کی تربیت دی جائے، کلاس رومز روزانہ دھلوانے کے ساتھ چھوئے جانے والی تمام اشیاء روز صاف کی جائیں، اسکول میں ہاتھ دھونے کا زیادہ سے زیادہ انتظام ہو، ہر کلاس روم میں اسپرے اور سینیٹائزر موجود ہو اور ان کے استعمال کی مانیٹرنگ کی جائے، کوئی بچہ دوسرے سے کاپی، پنسل، کتاب، اسٹیشنری نہ لے، بریک، اسپورٹس، اسمبلی پر پابندی ہوگی۔

Facebook Comments