خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کئے بغیر معاشرے میں مطلوبہ تبدیلی کا حصول ممکن نہیں ہے.صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

0 96

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کئے بغیر معاشرے میں مطلوبہ تبدیلی کا حصول ممکن نہیں ہے، ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی سے محنت اور مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی تعلیمی بورڈ کی 35ویں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور طالبات کی نمایاں کاکردگی پر خصوصی طور پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں تقریب تقسیم انعامات کا اہتمام کرنے سے ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی ہو گی جس سے محنت اور مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی خواتین جب تک برابر نہیں آئیں گی اس وقت تک معاشرے میں مطلوبہ تبدیلی کا حصول ممکن نہیں ہے، فیصلہ سازی کے مرحلے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امور خانہ داری کے باعث عموماً خواتین کی پیشہ ورانہ تعلیم متاثر ہوتی ہے، معاشرے کو خواتین کا کردار بڑھانے کے لئے راستے بنانے چاہیں۔ صدر مملکت نے امتحانی نظام کی بہتری کے لئے وفاقی تعلیمی بورڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمیں رٹہ لگانے کی بجائے بچوں میں سوچ بچار کی اہلیت پیدا کرنے پر توجہ بڑھانا ہو گی جبکہ امتحانات میں نقل کے تدارک کے لئے دنیا میں رائج بہترین طریقوں سے بھی استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ملک میں یکساں نظام تعلیم کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات سے بھی نوازا.
۔۔۔

Facebook Comments