تاجروں کو لوٹنے والے مسلح رہزن گروہ بے نقاب، دو ارکان اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت گرفتار۔کوہاٹ پولیس

0 108

کوہاٹ(بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے تاجروں کو لوٹنے والے مسلح رہزن گروہ کو بے نقاب کرکے دو ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست ملزمان کے قبضے سے لوٹا ہوا مال اور واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔پکڑے گئے ملزمان مختلف اوقات میں سویٹس اینڈ کنفیکشنری کے تاجر سے اسلحہ کی نوک پر نقدی چھیننے اور مزاحمت پر زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔گرفتار ملزمان نے رہزنی کی متعدد وارداتوں اور مزاحمت پر تاجر کو گولی مارنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔ڈی ایس پی لاچی فضل واحدنے ایس ایچ او تھانہ لاچی محمد افضل اعوان کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران بتایاکہ 8جنوری کے روز تھانہ لاچی کی حدود غورزندی روڈپر مسلح رہزنوں نے کوہاٹ بازید خیل کے رہائشی سویٹس اینڈ کنفیکشنری کے تاجر سبحان اللہ سے اسوقت اسلحہ کی نوک پر 60ہزار روپے سے زیادہ کی نقدی چھین لی جب وہ اپنی سوزوکی پک اپ میں دن بھر لاچی کے دوردراز علاقوں میں واقع دکانداروں کو سویٹس اور کنفیکشنری کے آئٹم سپلائی کرکے اوگرائی کی رقم لیکر واپس کوہاٹ شہر آرہا تھا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ لاچی میں درج کرتے ہوئے رہزنی کی ا س واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی لیکن فوری طور پر ملزمان کا سراغ نہ مل سکا اور 29جنوری کے روز مزکورہ روڈ پر دوبارہ رہزنی کی دوسری واردات رونما ہوئی اور ایک مرتبہ پھرعادی مسلح رہزنو ں نے راستہ روک کرسویٹس کے تاجر سبحان اللہ سے نقدی چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر انہیں گولی مار کر زخمی کردیا اور فوری طور پر جائے واردات سے فرار ہوگئے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ رہزنی کی ان وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان نے انکی سربراہی میں ایس ایچ او لاچی محمد افضل اعوان،تفتیشی افسرجاوید حسین اور دیگر ماہر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دی اور انہیں واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا۔ڈی ایس پی لاچی فضل واحد نے بتایا کہ رہزنی کی ان وارداتوں میں مطابقت پائے جانے کے پیش نظر جائے واقعات سے مخصوص شواہد قبضے میں لئے گئے اورجدید خطوط پر تفتیش کی روشنی میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے رہزنی کی ان وارداتوں میں ملوث مسلح رہزن گروہ کو بے نقاب کیا گیا اور کامیاب کاروائی کے دوران رہزن گروہ کے دو ارکان ذیشان ولد عظمت خان اور مبشر ولد اعظم شاہ ساکنان لاچی بالا کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے رہزنی کی واردات میں تاجر سے لوٹی ہوئی رقم،واردات میں استعمال ہونیوالا موٹر سائیکل اوردو عدد پستول بمعہ کارتوس برآمد کرکے تحویل میں لئے گئے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں رہزنی کی حالیہ وارداتوں کا اعتراف جرم کرتے ہوئے شریک جرم ایک اور ساتھی کانام بھی اگل دیا اور اسلحہ کی نوک پر مختلف تاجروں اور شہریوں سے نقدی اور قیمتی اشیاء چھیننے کی متعدد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔ڈی ایس پی لاچی فضل واحدنے بتایا کہ تھانہ لاچی میں رہزنی کی درج ان مقدمات میں گرفتار ملزمان کو باضابطہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا ایک ساتھی روپوش ہے جسے بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Facebook Comments