ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز طارق آباد راولپنڈی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کلاسز کا آغاز۔

ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز چکلالہ راولپنڈی میں 10 سال بعد دوبارہ ٹیکنیکل تعلیم شروع

0 126

اسلام آباد(تعلیمی رپورٹر)فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی کے زیر انتظام ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز طارق آباد راولپنڈی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کلاسز کا آغاز کردیاگیا۔ ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز چکلالہ راولپنڈی میں 10 سال بعد دوبارہ ٹیکنیکل تعلیم شروع کی جارہی ہے جس کی سفارش ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے قائم کی گئی ماہرین تعلیم پر مشتمل کمیٹی نے کی تھی. کمیٹی میں پرنسپل ارشاد خان، پرنسپل افضل طاہر، سابقہ ماہرین تعلیم اور ٹیکنیکل انسٹرکٹرز وائس پرنسپل ریٹائرڈ مسعود الحسن قاضی، وائس پرنسپل ریٹائرڈ فضل الرحمن اور وائس پرنسپل محمدیعقوب ملک شامل تھے. ان ماہرین تعلیم نے ایف جی ای آئیز میں ٹیکنیکل اداروں کی بحالی کی سفارش کی تھی. پہلے مرحلے میں ایف جی پبلک سکول نمبر2 بوائز طارق آباد راولپنڈی میں ٹیکنیکل کلاسز کا اجرا کیا گیاہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ایف جی پبلک سکول نمبر 3 بوائز چکلالہ راولپنڈی میں ٹیکنیکل کلاسز شروع کی جائیں گی. اس حوالے سے الیکٹریکل ورک، ووڈورک، میٹل ورک اور کمپیوٹر ہارڈویئر کی کلاسز فیڈرل بورڈ کے نصاب کے مطابق شروع کی گئیں ہیں جن کا فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد ایس ایس سی امتحان لے گا. اس ضمن میں ٹیکنیکل ورکشاپس کو فعال کر دیا گیاہے. افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹرجنرل فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ میجرجنرل محمداصغر نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور عصر حاضر میں ٹیکنیکل تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے. صنعتوں میں بھی ٹیکنالوجی کے حامل نوجوانوں کی بہت ضرورت ہے. اس ضمن میں ایف جی ای آئی ڈائریکٹوریٹ کے زیر انتظام تعلیمی ادارے ٹیکنیکل تعلیم کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں. ڈائریکٹوریٹ مطلوبہ معیار تعلیم کی فراہمی اور مہارت فراہمی میں سرگرم عمل ہے. انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت و تحقیق میں بہتری لانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ٹیکنالوجی سے اہداف کو نہ صرف جلد ہی حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ اس میں تیزی بھی لائی جا سکتی ہے ، ٹیکنالوجی کے بغیر تیز ترین ترقی اور اہداف میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، تعلیمی اداروں میں تربیت کے حامل ہیومن ریسور س کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کو مطلوبہ معیار کی تربیت کے لئے اہم اقدامات اٹھانے ہونگے تاکہ طلبہ حصول تعلیم کے بعد روزگار کے لئے مارے مارے نہ پھریں اور انھیں فوراً ہی ان کی قابلیت کے مطابق ملازمتیں حاصل ہو جائیں یہی ہماری اولین ترجیح بھی ہے اس ضمن میں تعلیمی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کررہے ہیں.اس موقع پر ایف جی ای آئی چکلالہ ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل سعادت اللہ، لیفٹیننٹ کرنل آغاجاوید اکبرخان، پرنسپل محمد افضل طاہر، پرنسپل ارشاد خان،سمیت اساتذہ، طلباء اوردیگر شریک تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔

Facebook Comments